کراچی: حرا مانی ٹی وی ڈراموں میں مختلف کرداروں میں نظر آتی رہی ہیں، انہوں نے ہر قسم کے کردار نبھائے ہیں جب کہ گلوکاری کے میدان میں بھی طبع آزمائی کی ہے۔
حرا مانی نے اب سلور اسکرین پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور فلم تیری میری کہانیاں میں حرا ہدایت کار نبیل قریشی کی مختصر، ہارر کامیڈی فلم جن محل میں اپنے شوہر، سلمان ثاقب شیخ (مانی) کے ساتھ نظر آئی ہیں۔
حرا مانی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میں نے بہت سے کردار نبھائے ہیں لیکن ڈرامہ سیریل کشف میں کشف کا مرکزی کردار میرا پسندیدہ رہا ہے، اس کردار کو نبھاکر مجھے بہت مزا آیا، مجھے سنجیدہ کردار کرنا زیادہ پسند ہیں۔
اداکارہ حرا مانی کا کہنا تھا کہ ناظرین کے ہاتھ میں ریموٹ ہے اور ان کو پتا ہے کہ انہیں کیا دیکھنا ہے، میرا خیال ہے کہ اب ہماری آڈینس کچھ مختلف، کچھ نیا دیکھنا چاہتی ہے اور وہ شاید ہم تک آگئے ہیں، ناظرین ہمارا کام دیکھتے ہیں پسند کرتے ہیں اس کا مطلب ہے کہ وہ ہمیں دیکھنا چاہتے ہیں، لیکن ہمیں ان کے مطابق کانٹینٹ بنانے میں شاید ابھی کچھ وقت لگے گا۔
حرا مانی نے گزشتہ سال ٹاک اکاؤنٹ بنایا تھا جہاں وہ مزاحیہ کانٹینٹ سمیت مختلف گانوں کے بول اور فلموں کے ڈائیلاگز پر اکثر ویڈیو پوسٹ کرتی رہتی ہیں۔ سوشل میڈیا کے حوالے سے حرا مانی نے کہا کہ مجھے دوسروں کے انسٹاگرام اکاؤنٹس دیکھ کر اچھا لگتا ہے میں بہت انجوائے کرتی ہوں، جب کبھی اداس ہوتی ہوں تو ہانیہ عامر کا انسٹاگرام دیکھ لیتی ہوں وہ بہت فن کررہی ہوتی ہے اور یہ دیکھ کر میرا موڈ لائٹ ہوجاتا ہے، عائزہ اور دانش کا اکاؤنٹ دیکھتی ہوں تو ان دونوں کا ایک دوسرے کے لیے پیار بہت اچھا لگتا ہے جب کہ سجل کے کیپشنز بڑے شاعرانہ اور بڑے گہرے ہوتے ہیں جنہیں پڑھ کے اچھا لگتا ہے۔
حرا نے مزید کہا کہ وہ ایک گھریلو خاتون ہیں اور دونوں عیدیں کچن میں ہی گزارتی ہیں، دعوتوں کا اہتمام بھی خود کرتی ہیں اور انہیں یہ کرنا اس لیے بھی اچھا لگتا ہے کہ وہ عام روٹین میں یہ نہیں کرپاتیں۔
حرا مانی نے ہنستے ہوئے بتایا کہ انہیں شروع ہی سے اچھی بیوی بننے کا شوق تھا وہ شاید پورا ہو بھی گیا ہے لیکن اگر میں اداکارہ نہ ہوتی تو شاید میک اپ آرٹسٹ ہوتی۔