اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی عدت میں نکاح کیس میں سزا معطلی کی اپیل مسترد کردی گئی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی پر فیصلہ سنایا۔ عدالت نے دن تین بجے فیصلہ سنانے کا وقت مقرر کر رکھا تھا۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ عدالت نے 10 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ بھی جاری کردیا ہے۔
تحریری فیصلے کے مطابق دونوں مجرموں کے پاس سزا معطلی کا کوئی جواز موجود نہیں، بشریٰ بی بی کا خاتون ہونا سزا معطلی اور ضمانت پر رہائی کا جواز نہیں، لہٰذا بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستیں مسترد کی جاتی ہیں۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی نے سزا معطل کرکے ضمانت پر رہائی کی اپیل دائر کر رکھی تھی۔ واضح رہے کہ دونوں کو سات، سات سال کی سزا سنائی گئی تھی۔