کراچی: آئی سی سی کا 3 رکنی وفد چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے کراچی پہنچ گیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے 3 رکنی وفد نے نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ پی سی بی حکام نے وفد کو مختلف امور پر بریفنگ دی۔ پاکستان فروری 2025 میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا۔
آئی سی سی ہیڈ آف ایونٹس کرس ٹیٹلی کی قیادت میں وفد کے دوسرے ارکان میں سینئر منیجر ایونٹ آپریشن سارہ ایگر اور ایونٹ آپریشن منیجر عون محمد زیدی شامل ہیں۔ کراچی اسٹیڈیم کا معائنہ کرنے کے بعد وفد کی سیکیورٹی فراہم کرنے والے اداروں کے اہلکاروں سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔
پروگرام کے مطابق وفد بدھ کو پنڈی اسٹیڈیم کے معائنے کے بعد پی سی بی کے سربراہ اور وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کرے گا۔ کراچی، لاہور اور پنڈی میں انتظامات اور پی سی بی آفیشلز سے ملاقاتوں کے بعد وفد اپنی رپورٹ تیار کرکے ممبر ممالک سے شیئر کرے گا۔