آئی آئی چندریگر۔۔۔ تحریک آزادی پاکستان کے رہنما

(پاکستان کے پہلے وزیر تجارت اور چھٹے وزیراعظم)

محمد راحیل وارثی

یوم آزادی کی آمد آمد ہے۔ اس مناسبت سے وائس آف سندھ نے وطن کی آزادی میں اہم کردار ادا کرنے والے سرکردہ رہنمائوں کی زندگی اور ملک و قوم کے لیے خدمات کا احاطہ کرنے کے لیے خصوصی سلسلہ شروع کیا ہے۔

ابراہیم اسماعیل چندریگر (آئی آئی چندریگر) پاکستان کے بانیان میں سے ایک ہیں، قائداعظمؒ کے ساتھ تحریکِ آزادی پاکستان میں بڑھ چڑھ کر حصّہ لیا۔ آپ غیر منقسم ہندوستان کے معروف وکلا میں سے ایک تھے۔

آپ 15 ستمبر 1897 کو گودھرا، گجرات (برطانوی ہند) کے ایک گجراتی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ پورا نام ابراہیم اسماعیل چندریگر تھا۔ 1936 میں آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی اور 1937 میں پروونشیل الیکشن جیت کر بمبے لیجسلیٹو اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔

جب پاکستان آزاد ہوا اور لیاقت علی خان ملک کے پہلے وزیراعظم بنے تو آپ وزیر تجارت کی حیثیت سے اُن کی کابینہ کا حصّہ تھے۔ اس عہدے پر آپ یکم مئی 1948 تک رہے۔ آپ نے مختلف عہدوں پر ملک و قوم کے لیے بیش بہا خدمات انجام دیں۔ آپ افغانستان میں پاکستان کے سفیر متعین ہوئے۔ ترکی میں بھی پاکستانی سفیر کی حیثیت سے کام کیا۔ وزیر قانون و انصاف بھی رہے۔ شمال مغربی صوبے کے گورنر کی حیثیت میں 17 فروری 1950 تا 28 نومبر 1951 خدمات انجام دیں۔ اس کے بعد مغربی پنجاب کے گورنر بنے۔

آپ 17 اکتوبر سے 11 دسمبر 1957 تک ملک کے وزیراعظم رہے۔ تحریکِ عدم اعتماد کے نتیجے میں آپ کی وزارت عظمیٰ کا خاتمہ ہوا۔ آپ پاکستان کی پارلیمانی تاریخ میں ملک کی دوسری سب سے کم مدت (55 دن) وزیراعظم رہنے والی شخصیت ہیں۔ پہلی سب سے کم مدت محض 13 روز وزیراعظم رہنے والی شخصیت نور الامین ہیں۔

1958 میں آپ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر مقرر ہوئے۔ 1960 میں ایک انٹرنیشنل لا کانفرنس میں شرکت کے لیے ہیمبرگ (جرمنی) کے لیے عازم سفر تھے کہ ہیمرج کا حملہ ہوا۔ لندن کے ایک ہسپتال میں زیر علاج رہے جہاں 26 ستمبر 1960 کو آپ کا انتقال ہوا۔ بعدازاں آپ کا جسد خاکی خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی لایا گیا اور یہیں آپ کی تدفین ہوئی۔ حکومتِ پاکستان نے آپ کی خدمات کے اعتراف میں میکلوڈ روڈ کا نام بدل کر آئی آئی چندریگر روڈ رکھا۔

All India Muslim LeagueFreedom of Pakistan MovementI I ChundirigerLeaderPakistan First Minister of Commerce