لاہور: اداکارہ سحر ہاشمی نے انکشاف کیا ہے کہ جب وہ کم عمر تھیں اور اسکول میں پڑھتی تھیں، تب انہیں خود سے زائد العمر شخص سے محبت ہوگئی تھی لیکن معاملہ آگے نہ بڑھ سکا۔
اداکارہ سحر ہاشمی نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں بتایا کہ انہیں بچپن سے اداکاری کا شوق نہیں تھا لیکن بعد میں فلم اور ڈرامہ کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد انہیں اداکاری کرنے کا شوق ہوا۔
ان کے مطابق انہوں نے فلم اینڈ ڈرامہ میں گریجویشن کر رکھا ہے جب کہ انہیں اسکرپٹ لکھنے نہیں بلکہ ہدایت کاری کا شوق تھا تاہم وہ اداکارہ بن گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں شوبز انڈسٹری میں آئے ہوئے ابھی محض دو سال سے بھی کم عرصہ ہوا ہے لیکن خوش قسمتی سے انہیں آتے ہی بڑے منصوبوں میں کام کرنے کا موقع ملا جس وجہ سے وہ مقبول ہوگئیں۔
سحر ہاشمی کا کہنا تھا کہ انہیں بچپن میں دلہن بننے کا شوق ہوتا تھا، وہ سوچتی تھیں کہ بڑی ہوکر دلہن بنیں گی، سرخ عروسی لباس پہنیں گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ بچپن سے لے کر اب تک ہر کوئی ان کی خوبصورتی کی تعریفیں کرتا ہے لیکن بعض لوگ حسد بھی کرتے ہیں۔
سحر ہاشمی کا کہنا تھا کہ یک طرفہ محبت تکلیف دہ ہوتی ہے، انسان کو یک طرفہ محبت نہیں کرنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ زیادہ تر خودمختار عورت کے کردار ادا کرنا پسند کرتی ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ ہمیشہ انہیں طاقتور اور خودمختار عورت کے کردار ہی دیے جائیں۔
انہوں نے سجل علی کو پسندیدہ ترین اداکارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ فیصل قریشی، عمران اشرف، بلال عباس اور شہریار منور جیسے اداکاروں کے ساتھ کام کرنا پسند کریں گی۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ کم عمری میں انہیں ایک طرح سے محبت میں دھوکا ملا، جس شخص کو وہ پسند کرتی تھیں انہوں نے ان سے محبت کرنے سے انکار کیا۔
سحر ہاشمی کا کہنا تھا کہ اسکول میں تعلیم کے دوران انہیں خود سے زائد العمر شخص سے محبت ہوگئی، انہیں وہ پسند آیا تو اداکارہ نے ان سے اظہار کیا لیکن وہ نہ مانے۔
سحر کے مطابق اس شخص نے انہیں جواب دیا کہ وہ ابھی بہت کم عمر ہیں، اس لیے ان کے درمیان معاملہ آگے نہ بڑھ سکا۔
ان کے مطابق زائد العمر شخص کے انکار کے بعد آج تک انہیں کوئی دوسرا شخص پسند ہی نہیں آیا، میں خوش شکل، دراز قد، پیاری آنکھوں اور خیال رکھنے والے شخص سے شادی کروں گی۔