کراچی: شوبز انڈسٹری میں بہت کم لوگ ایسے ہیں جو سچ بولنے کی ناصرف ہمت رکھتے بلکہ حق گوئی کا مظاہرہ ببانگ دہل بھی کرتے ہیں۔ انہی میں سے ایک اداکارہ اور ماڈل ایمان علی بھی ہیں۔
اُنہوں نے کہا ہے کہ مجھے اپنا آپ اور اپنی شکل اچھی نہیں لگتی، اسی لیے سوشل میڈیا پر اپنی بہت کم تصویریں پوسٹ کرتی ہوں۔
ایمان علی نے یہ باتیں ایک پروگرام میں کیں، جس میں انہوں نے اپنے بارے میں کچھ باتیں مداحوں کے ساتھ شیئر کیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ مجھے اپنا آپ بالکل پسند نہیں، اپنے چہرے کے خدوخال اچھے نہیں لگتے، لوگ مجھے کہتے ہیں کہ آپ بہت خوبصورت ہیں، لیکن جب میں شیشے کے سامنے جاتی ہوں تو سوچتی ہوں یہ جھوٹ بول رہے تھے جب کہ کچھ لوگ تو یہ بھی کہہ رہے ہوتے ہیں کہ تم جھوٹ بول رہی ہو، تمہیں اپنا آپ پسند ہے لیکن درحقیقت ایسا نہیں۔
ایمان علی کا گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ میں اپنی تصویر کھینچ ہی نہیں پاتی، کیمرہ کسی بھی زاویے سے تصویر اچھی نہیں دکھارہا ہوتا، مجھے میری شکل ہی اچھی نہیں لگ رہی ہوتی تو تصویر کیا لوں،ایمان کا کہنا تھا کہ یہی وجہ ہے کہ میں سوشل میڈیا پر اپنی بہت کم تصویریں پوسٹ کرتی ہوں۔