کراچی/ اسلام آباد: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے مستقل طور پر کراچی چھوڑ دیا ہے اور وہ اسلام آباد منتقل ہوگئے ہیں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق شاہد آفریدی نے خود مستقل طور پر اسلام آباد منتقل ہونے کی تصدیق کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ انہوں نے چند ذاتی وجوہ کی بنیاد پر کیا ہے۔
شاہد آفریدی نے یہ بھی واضح کیا کہ ماضی میں اہم حکومتی عہدوں کی پیشکش کی گئی لیکن ہمیشہ ایسی ذمے داریوں سے گریز کیا اور ابھی بھی فی الحال سیاست میں نہیں آرہا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے پاکستان اور پاکستان کرکٹ نے دنیا بھر میں عزت، مقام اور شناخت دی، خواہش ہے کہ پاکستان کرکٹ اور ملک کو کچھ واپس لوٹا سکوں۔
خیال رہے کہ 2009 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی فتح میں شاہد آفریدی نے سیمی فائنل اور فائنل میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
بعدازاں 2011 کے ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم نے شاہد آفریدی کی قیادت میں سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔