مجھے بطور بھکاری پیش کیا جارہا ہے، راشد محمود یوٹیوبرز پر برہم

لاہور: ٹی وی کے سینئر اداکار راشد محمود نے یوٹیوبرز کے رویے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے کسی کی ضرورت نہیں، میرا انٹرویو لینے مت آیا کریں۔
راشد محمود اکثر سماجی، سیاسی اور میڈیا کے مسائل پر آواز بلند کرتے ہیں۔
چند روز قبل، اداکار راشد محمود نے ایک ویڈیو پیغام میں اپنی بیماری کی تمام تفصیلات بتادیں اور مداحوں سے صحت یابی کے لیے دعاؤں کی اپیل بھی کی تھی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو پیغام میں اداکار نے بتایا کہ میں 21 دن سے بستر پر تھا، اس دوران جناح اسپتال سے میرے علاج کا آغاز ہوا اور پھر مختلف ڈاکٹرز کے وزٹ کیے۔
حال ہی میں، انہوں نے اپنے فینز کے ساتھ ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے ڈیجیٹل کریئیٹرز کے ویوز کے لیے غلط طریقے سے پیش کرنے کے بارے میں بات کی۔
راشد محمود نے کہا کہ میں یہ درخواست ایک غمگین دل کے ساتھ تمام یوٹیوبرز سے کررہا ہوں جنہوں نے اپنے چینلز کھولے ہیں، براہ کرم میرے پاس نہ آئیں، مجھے آپ کی ضرورت نہیں اور نہ ہی آپ کی مالی مدد کی۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ لوگ مجھے اپنے ویوز اور چالاکیوں کے لیے استعمال کررہے ہیں، آپ مجھے ایسے پیش کررہے ہیں جیسے میں بے بس ہوں اور مالی مدد کی درخواست کررہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میرے انٹرویوز عام ہیں، لیکن آپ جو ہیڈ لائنز لگاتے ہیں وہ ٹوئسٹ کی ہوئی ہوتی ہیں، آپ مجھے بھیک مانگنے والے کے طور پر پیش کررہے ہیں، حالانکہ میں نے کسی سے ایک پیسہ بھی نہیں مانگا۔
راشد محمود کا مزید کہنا تھا کہ آپ مجھے غریب ظاہر کررہے ہیں اور میری عزت کو مسخ کررہے ہیں، میں ٹھیک ہوں گا، اللہ مجھے صحت مند کرے گا، میں پہلے ہی بہتر ہورہا ہوں، میرے پاس نہ آئیں۔

AngryRashid MehmoodSenior TV ActrorYoutubers