انسانی حقوق کی آواز، معروف صحافی آئی اے رحمان انتقال کر گئے

لاہور: انسانی حقوق اور شعبہ صحافت کی توانا آواز معروف صحافی آئی اے رحمان انتقال کرگئے۔
آئی اے رحمان کے اہل خانہ کے مطابق وہ شوگر اور بلڈ پریشر کے مرض میں مبتلا تھے۔
آئی اے رحمٰن 1930 میں ہریانہ میں پیدا ہوئے تھے، اُن کی عمر 90 برس تھی۔
آئی اے رحمٰن نے انسانی حقوق کمیشن پاکستان کے ذریعے عوامی حقوق کی جدوجہد سمیت آزادی اظہار، انصاف کی فراہمی اور آئین کے تحفظ کے لیے بھی قلم سے جدوجہد کی۔
آئی اے رحمان قریباً 65 برس صحافت سے وابستہ رہے، انہوں نے صحافت کے پلیٹ فارم سے ملک کے مختلف مسائل کو اجاگر کیا۔
وہ قریباً دو دہائی تک ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان کے ڈائریکٹر رہے، آئی اے رحمان 2017 تک ایچ آر سی پی میں سیکریٹری جنرل بھی رہے۔
آئی اے رحمٰن نے صحافت کے کیریئر کا آغاز ایک اخبار میں بطور رپورٹر کیا تھا اور باقاعدگی سے اہم موضوعات پر کالم بھی لکھتے رہے۔
سیکریٹری جنرل ایچ آر سی پی حارث خلیق نے میڈیا سے گفتگو کے دوران آئی اے رحمان سے متعلق کہا کہ اُن کے انتقال سے مزاحمت کی تحریک یتیم ہوگئی ہے۔
حارث خلیق نے کہا کہ انسانی حقوق کی پاسداری آئی اے رحمان کا مشن تھا، وہ مفلوک الحال لوگوں کی آواز تھے۔
آئی اے رحمان کو ان کی خدمات پر نورمبرگ انٹرنیشنل ہیومن رائٹس ایوارڈ، رامون مگسے ایوارڈ اور 2017 میں ہیومن رائٹس آئیکون ایوارڈ سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

I A RehmanJournalistPassed awaysocial activist