تین منٹ میں درجنوں کرتب دکھانے والے امریکی گھوڑے کی دھوم

نیویارک: یقین کرنا مشکل ہے، لیکن امریکا میں ایک گھوڑے نے محض تین منٹ کے اندر درجنوں کرتب دکھا کے گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کرڈالا۔ شمالی کیرولائنا سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ گھوڑے گرنگو نے صرف 2 منٹ اور 47 سیکنڈ میں 38 حیرت انگیز کرتب دکھا کر سب کو دنگ کر دیا۔
گرنگو کی مالکن لارین زیپیڈا نے اسے کئی منفرد ہنر سکھائے ہیں۔ گرنگو ناچ سکتا ہے، گیند کو کِک مار سکتا ہے، جھنڈا لہرا سکتا ہے، گھنٹی بجا سکتا ہے، یہاں تک کہ اپنی ناک کے ذریعے کی بورڈ بھی چلا سکتا ہے۔ اس کی تربیت ایک سال سے جاری تھی اور مالکن کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد نہ صرف گرنگو کی صلاحیتیں دکھانا تھا بلکہ گھوڑوں کی تربیت کرنے والے دیگر لوگوں کو بھی حوصلہ دینا تھا۔
گرنگو کی یہ پرفارمنس نہ صرف شائقین کو محظوظ کرتی ہے بلکہ گھوڑوں کی ذہانت اور تربیت کی قابلیت کو بھی اجاگر کرتی ہے۔ لوگوں نے گرنگو کے فنون کو دیکھ کر حیرت کا اظہار کیا اور اس کی تربیت کو شاندار قرار دیا۔
لارین زیپیڈا کا کہنا ہے کہ گرنگو نے ثابت کردیا ہے کہ گھوڑے صرف ریس یا گھڑسواری تک محدود نہیں بلکہ وہ پیچیدہ ہنر بھی سیکھ سکتے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ امید کرتی ہیں کہ گرنگو کی کارکردگی دیگر گھوڑوں کی تربیت کرنے والوں کے لیے ایک مثال بنے گی اور گھوڑوں کے ساتھ تعلقات اور تربیت کے نئے طریقے متعارف کرائے جائیں گے۔
گرنگو کے کرتب نے نہ صرف امریکا بلکہ دنیا بھر میں گھوڑوں کے شائقین کی توجہ حاصل کر لی ہے اور اس کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہو چکا ہے۔