نئی دہلی: بھارت میں خاتون نے اپنے شوہر اور چار سسرالیوں کے خلاف مقدمہ کردیا۔ ایف آئی آر میں ان افراد پر الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے شوہر کا گنج پن چھپا کر 2024 میں خاتون کو شادی کے لیے دھوکا دیا ہے۔
بسراکھ پولیس اسٹیشن میں درج کرائی گئی ایف آئی آر کے مطابق خاتون لویکا گپتا اور ان کے شوہر سنیام جین 16 جنوری 2024 کو ازدواجی رشتے میں بندھے تھے۔
اہلیہ نے دعویٰ کیا کہ شادی سے قبل سنیام جین اور ان کے خاندان نے ان کے ظاہری دِکھنے، تعلیم اور معاشی احوال سے متعلق متعدد تفصیلات کو چھپایا۔
ایف آئی آر میں بتایا گیا کہ شادی کے بعد خاتون کے علم میں یہ بات آئی کہ ان کے خاوند صرف 12 ویں پاس ہیں جب کہ ان کے بائیو ڈیٹا میں بی کام کی ڈگری درج تھی۔ انہوں نے 18 لاکھ بھارتی روپے آمدن سے متعلق بھی دھوکے میں رکھا۔
ایف آئی آر میں مزید بتایا گیا کہ انہوں نے جب شادی کے لیے ہامی بھری تو ان کو بتایا گیا تھا کہ سنیام کے گھنے بال ہیں لیکن بعدازاں ان کو معلوم ہوا کہ ان کے خاوند گنجے ہیں اور گنج پن چھپانے کے لیے وِگ لگاتے ہیں۔
پولیس اسٹیشن نے صحافیوں کو بتایا کہ خاتون نے الزام عائد کیا کہ ان کے خاوند نے ایک بیرون ملک سفر کے دوران ان کو زدوکوب بھی کیا اور تھائی لینڈ سے بھارت بھنگ لانے کے لیے دباؤ ڈالا۔