لاہور: سابقہ اداکارہ و ماڈل زینب جمیل پر قاتلانہ حملے کے کیس میں اُن کے شوہر محمد جمیل کی ضمانت منظور ہوگئی۔
پچھلے ماہ اسلام کی خاطر شوبز سے علیحدگی اختیار کرنے والی اداکارہ و ماڈل زینب جمیل پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا۔ اس کا الزام اُنہوں نے اپنے شوہر پر عائد کیا تھا۔
لاہور کی سیشن کورٹ میں زینب جمیل پر قاتلانہ حملے کے مقدمے کی سماعت ہوئی، ایڈیشنل سیشن جج قمرعباس نے سماعت کرتے ہوئے ملزم محمد جمیل کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔
عدالت نے ملزم محمد جمیل کو 20 جون تک گرفتار کرنے سے روک دیا جب کہ ملزم کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔
اس کے علاوہ عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت پر پولیس سے رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔
واضح رہے کہ لاہور میں پچھلے ماہ ہونے والے قاتلانہ حملے میں زینب جمیل کو 6 گولیاں لگی تھیں، بعدازاں اُنہوں نے دورانِ علاج اسپتال سے بیان جاری کیا تھا جس میں اُنہوں نے اپنے اوپر قاتلانہ حملے کا الزام شوہر محمد جمیل پر عائد کیا تھا۔
ملزم محمد جمیل کے خلاف لاہور کی ڈیفنس سی پولیس نے مقدمہ درج کرلیا تھا جب کہ زینب جمیل نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے انصاف کی اپیل کی تھی۔