واشنگٹن: امریکی ریاست فلوریڈا سے سمندری طوفان “آئن” ٹکراگیا، جس کے باعث ریاست کے لاکھوں لوگ بجلی سے محروم ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سمندری طوفان کے باعث ریاست میں ہواؤں کی رفتار 150 سے 200 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے جب کہ 10 لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہوچکے ہیں۔
امریکی ریاست میں سمندری طوفان کے باعث آندھی اور حادثات سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی نافذ ہے جب کہ اسکول بند اور فلائٹس کو معطل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب کیوبا میں سمندری طوفان کے باعث تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی، جس کے باعث 23 افراد لاپتا ہوگئے جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن کیا جارہا ہے۔
قبل ازیں کیوبا میں طوفان سے 11 ملین افراد بجلی سے محروم ہوگئے جب کہ 2 افراد ہلاک بھی ہوئے اور درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ 5 ہزار گھروں کو نقصان پہنچا ہے جب کہ ساحلی علاقوں سے 50 ہزار افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔