پی ٹی آئی سینیٹ ٹکٹ معاملہ، حنید لاکھانی بطور مضبوط امیدوار سامنے آگئے!

اسلام آباد: سینیٹ ٹکٹس کی تقسیم پر پی ٹی آئی میں اختلافات کے باعث بعض نامزد امیدواروں سے سینیٹ ٹکٹ واپس لینے کی بازگشت سنائی دے رہی ہے جب کہ سندھ سے معروف ماہر تعلیم، سیاست داں اور سماجی کارکن حنید لاکھانی کو سینیٹ امیدوار نامزد کرنے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔
سینیٹ کے ٹکٹس کی تقسیم پر صوبائی تنظیموں کے اعتراضات کے بعد وزیراعظم عمران خان نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے مشاورت کی ہے۔ سینیٹ ٹکٹس میں تبدیلی سے متعلق پارلیمانی بورڈ نے تجاویز پیش کردیں۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے بعض نامزد امیدواروں سے سینیٹ ٹکٹ واپس لیے جانے کا امکان ہے۔ سینیٹ ٹکٹس میں تبدیلی سے متعلق حتمی فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے۔
سینیٹ کے ٹکٹس پر پی ٹی آئی میں ملک بھر میں اختلافات کی اطلاعات ہیں۔ گزشتہ شب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے پی ٹی آئی سندھ کے ناراض عہدیداروں نے کراچی ایئرپورٹ پر ملاقات کی اور ٹکٹس کی تقسیم پہ اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ کی جنرل نشست اندرون سندھ سے تعلق رکھنے والے شخص کو دی جائے، فیصل واوڈا کو بھی سینیٹ کا امیدوار نہیں ہونا چاہیے، سیف اللہ ابڑو پیپلز پارٹی کے لیے کام کرتے رہے ہیں، انہیں ٹکٹ دینا کسی صورت مناسب نہیں، اگر انہیں ٹکٹ دیے گئے تو پھر ہم بلدیاتی انتخابات سے الگ ہوجائیں گے۔
کراچی سے منتخب اراکین سندھ اسمبلی نے بھی مرکزی قیادت کو پیغام دیا ہے کہ اگر فیصل واوڈا اور سیف اللہ ابڑو کو ٹکٹ دیا گیا تو ہم ووٹ نہیں ڈالیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کے سینئر رہنماؤں حنید لاکھانی، اشرف قریشی، مولوی محمود سمیت دیگر رہنماؤں کو نظرانداز کیا گیا ہے۔ سندھ سے شدید مخالفت پر تحریک انصاف کی مرکزی قیادت پریشان ہے۔ گورنر سندھ اور اسد عمر کو ٹاسک دیا گیا ہے کہ معاملے کو جلداز جلد حل کیا جائے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پارٹی رہنماؤں کے تحفظات سنے اور معاملات کو حل کرانے کی یقین دہانی کرائی کہ وہ وزیراعظم تک بات پہنچائیں گے۔
بلوچستان میں بھی پی ٹی آئی کی طرف سے عبدالقادر نامی شخص کو ٹکٹ دینے کے خلاف پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت نے کوئٹہ پریس کلب میں باقاعدہ پریس کانفرنس کی کہ عبدالقادر پیرا شوٹر ہے جن کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں۔ پارٹی رہنماؤں کے احتجاج پر وزیراعظم عمران خان نے عبدالقادر کے نام کو واپس لینے کا اعلان کیا۔
ادھر پشاور سے ارکان قومی اسمبلی نے بھی وزیراعظم سے ملاقات میں سینیٹ ٹکٹس کی تقسیم پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹکٹ کی تقسیم میں کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔

Hunaid LakhaniPM Imran KhanPTIsenate ticket