کراچی: معروف اداکار، پروڈیوسر اور فلمساز ہمایوں سعید نے ہیرو کے کردار کے لیے کی گئی ٹرولنگ پر ردِعمل دے دیا۔
ہمایوں سعید نے حالیہ انٹرویو میں سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید اور ٹرولنگ کے حوالے سے کھل کر بات کی۔ میزبان نے سوال کیا کہ لوگ آپ کو ہمیشہ ٹارگٹ کیوں کرتے ہیں؟ جس پر انہوں نے کہا کہ اکثر لوگ انہیں اس بات پر تنقید کا نشانہ بناتے ہیں کہ وہ برسوں سے مرکزی کردار یعنی ہیرو کا کردار ادا کررہے ہیں۔
ہمایوں سعید نے مسکراتے ہوئے کہا کہ سالوں سے ہیرو آرہا ہوں اور آیا ہی چلا جارہا ہوں، مگر مجھے اس بات سے فرق نہیں پڑتا کہ لوگ کیا کہتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ ہر کردار کے لیے فنکاروں کو ان کی صلاحیت اور کردار کی ضرورت کے مطابق منتخب کرتے ہیں، ان کی فلموں میں فہد مصطفیٰ بھی ہوتے ہیں، حمزہ علی عباسی بھی ہوتے ہیں۔
ہمایوں سعید نے مزید کہا کہ وہ اپنے کام پر توجہ دیتے ہیں اور منفی تبصروں کو خود پر اثرانداز نہیں ہونے دیتے۔
خیال رہے کہ ہمایوں سعید اور ماہرہ خان کی فلم لو گرو عید کے موقع پر ریلیز ہوئی ہے، جس کو فلمی شائقین کی جانب سے سراہا جارہا ہے۔