لاہور: لالی وُڈ کی نئی فلم ’’لو گرو‘‘ کا رنگارنگ پریمیئر گزشتہ روز لاہور کے مقامی سنیما میں منعقد ہوا۔
اس شاندار تقریب میں فلمی صنعت کے بڑے ناموں نے شرکت کی اور ستاروں سے سجی اس شام کو یادگار بنادیا۔
ریڈ کارپٹ پر جلوہ افروز ہونے والوں میں ماہرہ خان، ہمایوں سعید، احمد علی بٹ، زارا نور عباس، ریشم، جاوید شیخ اور دیگر نمایاں فنکار شامل تھے، جنہوں نے شائقین کی توجہ کا مرکز بن کر تقریب کی رونق کو دوبالا کردیا۔
اس موقع پر فلم ڈائریکٹر سید نور، صفدر ملک، سہیل احمد، افتخار ٹھاکر، قیصر پیا، خلیل الرحمٰن قمر سمیت پاکستان فلم انڈسٹری کے بڑے نام بھی موجود تھے۔ حاضرین نے نہ صرف فلم کے ابتدائی مناظر کو سراہا بلکہ فلم کی تیاری، لوکیشنز، مکالموں اور موسیقی کو بھی خوش آئند قرار دیا۔
ریڈ کارپٹ پر فنکاروں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’لو گرو‘‘ ایک ایسی فلم ہے جو نہ صرف تفریح فراہم کرتی ہے بلکہ پاکستانی سنیما کو جدید رجحانات سے ہم آہنگ کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
پریمیئر میں شریک فلم بینوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘‘لو گرو‘‘ رومانس سے بھرپور ایک ایسی فلم ہے جس میں مزاح، جذبات اور معاشرتی پہلوؤں کو خوبصورتی سے یکجا کیا گیا ہے۔ ایک شائق نے کہا کہ ایسی فلمیں عید کی خوشیوں کو دوبالا کرتی ہیں اور سینما میں واپسی کا جذبہ پیدا کرتی ہیں۔ کئی مداحوں نے اس بات پر بھی خوشی ظاہر کی کہ فلم کی کاسٹ میں ان کے پسندیدہ اداکار موجود ہیں، جنہیں اسکرین پر ایک ساتھ دیکھنا ایک خاص تجربہ ہے۔
تقریب میں شریک فلمی حلقوں اور شوبز ناقدین نے بھی ’’لو گرو‘‘ کو لالی وڈ کے مستقبل کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں جب پاکستانی فلم انڈسٹری کو معیار اور ناظرین کی توجہ حاصل کرنے کی اشد ضرورت ہے، ایسے میں ’’لو گرو‘‘ جیسی فلمیں امید کی کرن بن کر ابھرتی ہیں۔ فلم کی ہدایت کاری، سنیماٹوگرافی، اسکرپٹ اور اداکاری کو فنی و تکنیکی لحاظ سے بہتر قرار دیا گیا ہے۔