کراچی: بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی اداکار ہمایوں سعید نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہیں لڑکی سے دھوکا ملا تھا جس کے بعد وہ بہت روئے تھے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں سعید نے کہا کہ میں فلموں کے ساتھ ساتھ ڈراموں میں بھی کام کررہا ہوں، میرا نیا ڈراما بہت جلد نشر ہوگا، اس ڈرامے کی اداکارہ یمنیٰ زیدی ہوں گی جب کہ عدنان صدیقی اور احمد علی بٹ بھی ڈرامے کا حصہ ہوں گے۔
اُنہوں نے دورانِ انٹرویو انکشاف کیا کہ جب میں 19 سال کا تھا تو اُس وقت مجھے ایک لڑکی نے دھوکا دیا تھا، اُس وقت کنوارہ تھا اور لڑکی سے دھوکا ملنے پر بہت زیادہ رویا تھا۔
ہمایوں سعید نے کہا کہ 8 سال پہلے ایک لڑکی میرے گھر آگئی تھی اور وہ بضد تھی کہ مجھ سے شادی کرکے ہی واپس جائے گی۔
ہمایوں نے کہا کہ میں بہت زیادہ ڈر گیا تھا، میں نے لڑکی کو بتایا کہ میں شادی شدہ ہوں تو وہ کہنے لگی کہ کوئی بات نہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ پاکستانی سنیما گھروں میں بھارتی فلمیں لگنی چاہئیں اور میں تو چاہتا ہوں صرف بھارتی ہی نہیں بلکہ ہالی وُڈ اور ترکش فلموں کو بھی ہمارے سنیما گھروں میں لگانا چاہیے۔
ہمایوں سعید نے کہا کہ پاکستان میں فلمیں کم بنتی ہیں جس کی وجہ سے لوگ سنیما گھروں میں بہت کم جاتے ہیں، اگر بین الاقوامی فلمیں ہمارے سنیما گھروں میں لگیں گی تو اس سے ہمیں ہی فائدہ ہوگا۔