حکومت کا اپوزیشن کو جلسوں کی اجازت دینے کا فیصلہ!

اسلام آباد: حکومت نے حزب اختلاف کو ملک بھر میں جلسوں کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا، اپوزیشن ملک بھر میں جہاں جلسے کرے، اسے اس کی اجازت ہوگی۔
وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں سیاسی امور پر جائزہ اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ڈی ایم کو جلسوں کے این او سی جاری کیے جائیں گے، حزب اختلاف کو جلسوں میں کورونا ایس او پیز کا پابند بنایا جائے گا، ضلعی انتظامیہ جلسوں میں ایس او پیز کی پابندی یقینی بنائے گی، حکومت اپوزیشن کے جلسوں میں رکاوٹ نہیں ڈالے گی۔
خیال رہے کہ پی ڈی ایم کا پہلا جلسہ 16 اکتوبر کو گوجرانوالا میں ہوگا۔ گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں پی ڈی ایم اجلاس کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا تھا پی ڈی ایم کا جلسہ 16 اکتوبر کو گوجرانوالا میں ہوگا جب کہ 18 اکتوبر کو کراچی میں جلسہ ہوگا۔ احسن اقبال نے کہا کوئٹہ میں 25 اکتوبر کو جلسہ منعقد کیا جائے گا جب کہ 30 نومبر کو ملتان اور 13 دسمبر کو لاہور میں جلسے کا انعقاد کیا جائے گا۔

#Government#Opposition