کراچی: گزشتہ کچھ روز کے دوران ہونے والی بارشوں سے حب ڈیم میں پانی کی سطح میں ریکارڈ اضافہ ہوا اور ڈیم میں صرف 11 فٹ گنجائش رہ گئی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سیلابی بہاؤ کم نہ ہوسکا، بولان، سبی، کوہلو، مکران سمیت حب میں سیکڑوں لوگوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی جاری ہے، ریسکیو کے مراحل میں پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ مصروف ہے۔
ایری گیشن حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں سے حب ڈیم میں پانی کی سطح میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور ڈیم میں صرف 11 فٹ گنجائش رہ گئی ہے، حالیہ بارشوں سے حب ڈیم میں پانی کی سطح 328 فٹ تک پہنچ گئی ہے، ڈیم میں سیلابی ریلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، 339 فٹ کے بعد پانی کا اخراج اسپیل وے سے شروع ہوگا۔
دوسری جانب ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث کوئٹہ کا زمینی رابطہ دوسروں اضلاع سے منقطع ہونے کی وجہ سے کوئٹہ ٹو سبی شٹل ٹرین کا آغاز کردیا گیا ہے، شٹل ٹرین سروس کوئٹہ ٹو سبی اور سبی سے کوئٹہ کے لیے مسافروں کی سہولت کی خاطر شروع کی گئی ہے جب کہ سیلابی صورت حال اور زمینی رابطے کی بحالی تک شٹل ٹرین سروس جاری رہے گی۔