کراچی: ٹی وی کی سینئر اداکارہ روبینہ اشرف متنازع ویب سیریز برزخ کے دفاع میں سامنے آگئیں۔
اداکارہ روبینہ اشرف نے نجی چینل سے گفتگو میں کہا کہ ویب سیریز برزخ میں معاشرے میں موجود مسائل کی نشان دہی کی گئی ہے۔ پاکستان میں ہم جنس پرستی اور بچہ بازی ہورہی ہے۔ برزخ سے قبل بھی بولڈ اور خطرناک کہانیاں ڈراموں کے ذریعے پیش کی جاچکی ہیں۔ اڈاری اور مائی ری جیسے ڈراموں کی کہانی برزخ سے زیادہ بولڈ تھی۔
روبینہ اشرف کا مزید کہنا تھا کہ ڈراموں میں وہی دکھایا جاتا ہے جو معاشرے میں ہورہا ہوتا ہے۔ ڈرامے کسی فعل یا خرابی کی ترغیب نہیں دیتے، بلکہ شعور دیتے ہیں اور اس برائی کی نشان دہی کرتے ہیں جو معاشرے میں موجود ہوتی ہے، تاکہ اسے ٹھیک کیا جاسکے۔
روبینہ اشرف نے مزید کہا کہ برزخ میں وہ دکھایا جارہا ہے جو ہورہا ہے۔ ہم جنس پرستی پہلے سے معاشرے میں موجود ہے۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ملک بھر میں ٹرک ڈرائیور کہیں رات گزارتے ہیں تو وہ ہوٹل کا کمرہ اور بستر لینے کے ساتھ بچہ بھی مانگتے ہیں۔
پاکستانی ہدایت کار عاصم عباسی اور پاکستانی کاسٹ پر مبنی ویب سیریز برزخ میں دو ہم جنس پرست مرد کرداروں کو دکھایا گیا ہے، جس پر پاکستانی شائقین کی جانب سے غصے کا اظہار کیا جارہا ہے۔ ویب سیریز کو بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ زی فائیو کے لیے بنایا گیا ہے اور اسے زی زندگی کے یوٹیوب چینل پر بھی ریلیز کیا جارہا ہے۔ اب تک سیریز کی پانچ قسطیں نشر کی جاچکی ہیں۔ اس سیریز میں فواد خان اور صنم سعید نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔