کولار: بھارت میں آئے روز اسلام دشمنی کے حوالے سے کوئی نہ کوئی واقعہ پیش آتا رہتاہے۔
گزشتہ دنوں مسلم دشمنی کا ایک واقعہ اور پیش آیا ہے اور ہندو انتہاپسندوں نے بچوں کے ایک گروپ کو نماز جمعہ کی ادائیگی سے روک دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی ریاست کرناٹکا کے کولار ضلع میں واقع ایک سرکاری اسکول میں پرنسپل کی جانب سے مسلمان بچوں کو ہر جمعے کلاس روم میں نماز کی ادائیگی کی اجازت دی گئی تھی۔
رپورٹس کے مطابق اسکول میں نماز جمعہ کی ادائیگی کا علم جب ہندو انتہا پسند تنظیم کو ہوا تو انہوں نے احتجاج کرتے ہوئے اس عمل کو رکوا دیا اور اس کے خلاف کارروائی شروع کردی۔
اسکول میں پڑھنے والے طلباء کے مطابق ہم گزشتہ 2 ماہ سے اسکول میں نماز جمعہ پڑھ رہے ہیں جس کی اجازت پرنسپل کی جانب سے دی گئی تھی تاہم اسکول پرنسپل کی جانب سے اس حوالے سے لاعلمی کا اظہار کیا گیا ہے۔