کراچی میں کل شام آندھی اور بارش کا امکان

کراچی: ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں کل شام شمال اور شمال مشرقی حصے میں تھنڈرسیلز بن سکتے ہیں جس کے سبب آندھی چلنے اور معتدل بارش کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج اور کل موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے ،شہر کا مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، جبکہ درجہ حرارت 36سے 38 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز نے بتایا کہ کل شام تھنڈر سیلز بننے کے سبب چلنے والی آندھی میں ہواؤں کی رفتار 45 سے 54 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوسکتی ہے، جبکہ شہر کے شمال اور شمال مشرقی حصے میں معتدل بارش کا امکان رہے گا۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی کے دیگر علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے،جبکہ شہر میں جمعہ تک بارش کا امکان موجود رہے گا۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ میں 20جون تک پری مون سون کا پہلا اسپیل رہ سکتا ہے، حالیہ مون سون میں سندھ میں معمول سے زائد بارش کا امکان ہے۔
سردار سرفراز نے بتایا کہ اس سال مون سون اپنے وقت سے پہلے شروع ہو رہا ہے۔