کراچی: شہر قائد میں ہیوی ٹریفک کے صبح 6 سے رات 10 بجے تک شہر میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی۔
کمشنر کراچی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق شہریوں کے تحفظ اور ٹریفک کا بہاؤ یقینی بنانے کے لیے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے، جس کے تحت ہیوی ٹریفک کے صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک آمدورفت پر پابندی ہوگی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ رات 10 سے صبح 6 بجے تک ہیوی ٹریفک کو شہر میں داخلے کی اجازت ہوگی۔
کمشنر کراچی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ پابندی کا اطلاق ادویہ، پانی، خوردنی تیل لے جانے والی گاڑیوں پر نہیں ہوگا۔
دھیان رہے کہ کراچی میں دن دیہاڑے ڈمپروں کی جانب سے موٹر سائیکل سواروں اور دیگر گاڑیوں کو ٹکر مارنے کے مختلف حادثات میں رواں سال اب تک 108 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جب کہ حادثات کے بعد مشتعل افراد کی جانب سے گاڑیوں کو جلائے جانے کے متعدد واقعات بھی رپورٹ ہو چکے ہیں۔