برازیلیا: دُنیا کے مختلف خطوں میں تیز ترین بارشوں کے سلسلے دیکھنے میں آرہے ہیں، برازیل میں شدید بارشوں میں 10 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوگئے جب کہ 29 افراد ہلاک اور 60 لاپتا ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برازیل میں ہونے والی بارشوں نے سیلابی صورت اختیار کرلی۔ ہزاروں لوگ سیلابی ریلے میں پھنس گئے جنہیں محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لیے ریسکیو ہیلی کاپٹر کو طلب کیا گیا۔
بارشوں کے باعث 10 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوگئے جنہیں ریلیف کیمپوں میں منتقل کردیا گیا، تاہم اب بھی سیکڑوں افراد گھروں کی چھت پر پناہ لیے ہوئے ہیں۔
امدادی کاموں کے دوران لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔ مجموعی طور پر 29 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ 100 سے زائد زخمی ہیں۔ 60 افراد تاحال لاپتا ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔
بارشوں سے سڑکیں تباہ ہوگئیں اور کئی شہروں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ معمولات زندگی ٹھپ ہوکر رہ گئے اور مواصلاتی نظام درہم برہم ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہے گا۔ شہری بلاضرورت گھروں سے نہ نکلیں۔