کراچی: ملک میں 5 سے 7 جولائی کے دوران موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، مانسہرہ اور کوہستان کے پہاڑوں، ندی نالوں میں سیلابی صورت حال اور طغیانی کا خطرہ ہے۔
اس کے علاوہ ایبٹ آباد، دیر، سوات، کشمیر، ڈیرہ غازی خان، لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالا، نارووال، راولپنڈی، فیصل آباد اور پشاور میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جب کہ شدید بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔
دوسری جانب سندھ کے بیشتر مقامات پر آج اور کل موسم گرم اور مرطوب رہے گا جب کہ ساحلی علاقوں میں کہیں کہیں بوندا باندی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ کل شام سے مشرقی سندھ میں مون سون ہوائیں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے سبب 6 سے 7 جولائی کے دوران تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ اور جیکب آباد میں بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 3 روز موسم گرم اور مرطوب رہے گا اور مطلع زیادہ تر ابرآلود ہوگا جب کہ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، تاہم اس دوران سمندری ہوائیں چلتی رہیں گی۔