اسلام آباد: شدید بارشوں سے سیلاب کا خطرہ ملک کے بڑے شہروں پر منڈلارہا ہے، اس حوالے سے شیری رحمان نے کراچی سمیت دیگر بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے پیش نظر سیلاب کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔
وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان نے بارشوں کے ممکنہ تباہ کن اثرات کے پیش نظر صوبائی محکموں کو مربوط حکمت عملی اختیار کرنے کی ہدایت دی۔
شیری رحمان نے کہا کہ اس سال پاکستان میں مون سون کی بارشیں معمول سے زیادہ ہونے کے امکانات ہیں جس کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ کراچی، لاہور، ملتان، پشاور اور اسلام آباد سمیت بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا واضح خطرہ ہے جب کہ پیش گوئیاں ہیں کہ پاکستان کو 2010 والی سیلابی صورت حال کا سامنا ہوسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں کم ازکم اگست 2022 تک مون سون بارشیں ہوں گی، پنجاب اور سندھ میں بارش معمول سے زیادہ ہونے کی توقع ہے۔