کراچی: محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں کل سے گرمی کا زور ٹوٹنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ ان دنوں کراچی میں گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جارہی ہے، تاہم کل سے گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے اور درجہ حرارت میں ایک سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ کمی آسکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت سمندری ہوائیں چل رہی ہیں، لیکن ان کی رفتار کم ہے، سمندری ہواؤں کی بحالی سے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوسکتی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق کراچی میں 7 سے 8 جولائی کے دوران کہیں ہلکی اور کہیں معتدل بارش کا امکان ہے جب کہ 9 جولائی کو کچھ علاقوں میں تیز بارش بھی ہوسکتی ہے۔
سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ مون سون کا سسٹم اس وقت وسطی بھارت میں موجود ہے جب کہ سندھ میں مون سون ہوائیں 6 جولائی کی رات یا 7 جولائی کی صبح سے داخل ہوسکتی ہیں۔