ٹوکیو: جاپان میں ایک ایسا شہری بھی ہے، جو نیند سے دُور رہنے پر مجبور نظر آتا ہے۔ اس شہری نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ گزشتہ 12 برس سے روزانہ صرف 30 منٹ یعنی آدھ گھنٹے سوتا ہے اور وہ خود کو مکمل صحت مند اور توانا و چست محسوس کرتا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈائیسوکے ہوری کی عمر 36 سال ہے، ان کا کہنا ہے کہ جب سے انہوں نے روزانہ سونے کا وقت کم کردیا ہے، تب سے وہ بہ مشکل ہی کبھی تھکن کا شکار ہوتے ہیں۔
ہوری جاپان کے شارٹ سلیپر ایسوسی ایشن کے چیئرمین ہیں اور وہ سیکڑوں لوگوں کو سونے کا وقت کم سے کم کرنے کی تکنیک سکھاتے ہیں، اس امید پر کہ وہ بھی ان کی طرح ’زرخیز‘ طرز زندگی اپناسکیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ انہیں بھی غنودگی ہوتی ہے لیکن وہ سونے سے بچنے کے لیے کیفین کا استعمال کرتے ہیں۔ ہوری نے بتایا کہ انہوں نے نیند کا دورانیہ کئی برسوں میں بتدریج کم کیا، تاہم لوگ اب بھی مشکل ہی سے یقین کرتے ہیں کہ وہ محض نصف گھنٹے کی ہی نیند لیتے ہیں۔