اسلام آباد : پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان آج مذاکرات مکمل ہونے کا امکان ہے ، حکومت بجلی اورگیس کے بڑے صارفین کیلئے قیمتیں بڑھانے پر راضی ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان آج بڑے بریک تھرو کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کے آئی ایم ایف کےساتھ مذاکرات آج مکمل ہوسکتے ہیں، آئی ایم ایف کو غریب صارفین کی سبسڈی پر منالیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی اور گیس کے بڑے صارفین کیلئے ریٹ بڑھانے کی تیاری ہے، حکومت پاکستان امیر طبقے کیلئے گیس مہنگی کرنےپر راضی ہوگئی ہے، بجلی کے بڑے صارفین کیلئے بھی ریٹ بڑھائے جائیں گے۔
ذرائع وزارت خزانہ نے بتایا کہ سرکلر ڈیٹ مینجمنٹ پلان میں آئی ایم ایف کی کچھ شرائط شامل کی گئی ہے جبکہ اوگرا اور نیپرا کے فیصلے پر عمل درآمد کی تیاری کرلی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالیسی کا حتمی ڈرافٹ آج تیار ہوجائے گا،سرکلر ڈیٹ مینجمنٹ پلان میں غریب صارفین کی سبسڈی جاری رہے گی۔
آئی ایم ایف کویقین دہانی کرائی ہے کہ سرکلرڈیٹ مینجمنٹ پلان آئی ایم ایف نہیں پاکستان کی ضرورت ہے، بجلی،گیس نقصانات ختم کرنا معیشت کے لیے ضروری ہے۔
وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے مذاکرات میں پاکستان کی مشکلات سمجھ لی ہیں، آئی ایم ایف نے سیلاب کے بعد خسارہ بڑھنے کی وجہ کو تسلیم کرلیا ہے۔
پاکستان کو آئی ایم ایف مطالبات میں کچھ رعایتیں ملنے کا امکان ہے، آئی ایم ایف نے کچھ اہداف پر نظر ثانی کرلی ہے۔