لاہور: ہارون رشید کے پاس پی سی بی میں نجم سیٹھی انتظامیہ کے دوران چار عہدے تھے لیکن اب ان کے پاس کوئی ذمے داری نہیں۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر ہارون رشید کو چیف سلیکٹر کے عہدے سے بھی فارغ کردیا ہے۔
نجم سیٹھی دور میں مینجمنٹ کمیٹی رکن اور چیف سلیکٹر سمیت چار بڑے عہدوں پر کام کرنے والے ہارون رشید کو ایک ساتھ تمام عہدوں سے الگ کردیا گیا ہے، وہ اب مایوسی کی حالت میں لاہور سے کراچی پہنچ گئے ہیں۔
70 سالہ ہارون رشید نے پاکستان کی جانب سے 23 ٹیسٹ اور 12 ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلے ہیں۔
وہ کئی دہائیوں سے پاکستان کرکٹ میں مختلف عہدوں میں ذمے داریاں نبھارہے ہیں، انہیں پاور کوریڈور کے قریب تسلیم کیا جاتا ہے، حالیہ دنوں میں انہوں نے غیر ملکی اور ملکی کوچز سے معاہدے کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔
اِس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ میں جنید ضیاء کے پاس ڈومیسٹک کرکٹ کا چارج ہے، یہ عہدہ بھی ہارون رشید کے پاس تھا جب کہ ایزد سید کی جگہ ذاکر خان قومی اکیڈمی کے انچارج ہیں۔