کراچی: ٹی وی اداکارہ میمونہ قدوس نے اپنے پہلے ڈرامے کے سیٹ پر ہراسانی کا سامنا ہونے کا انکشاف کردیا۔
اداکارہ میمونہ قدوس نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کیریئر کی ابتدا کے ایک ناخوشگوار تجربے پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اپنے پہلے ڈرامہ سیٹ پر پیش آنے والے واقعے کو "ہولناک” قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس پروجیکٹ کا نام بھی لینا نہیں چاہتیں۔
انہوں نے بتایا کہ ڈرامے کے سیٹ پر ہدایت کار اور معاون ہدایت کار سمیت کئی افراد کا رویہ ان کے ساتھ انتہائی غیر پیشہ ورانہ تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سب کی نظریں ان پر تھیں، تاہم انہوں نے اس بات پر اللہ کا شکر ادا کیا کہ کسی کی بھی نیت پوری نہ ہوسکی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر کسی اداکارہ کو کسی چینل یا ایجنسی کے ذریعے کاسٹ کیا جائے تو ایسے مسائل پیش نہیں آتے، مگر جب براہ راست ہدایت کار کاسٹ کرے یا اس سے رابطہ کرکے آپ کاسٹ ہوئے ہوں تو خطرات بڑھ جاتے ہیں۔
میمونہ قدوس کا کہنا تھا کہ اس تجربے نے ان پر گہرا اثر ڈالا اور وہ اسے کبھی یاد نہیں کرنا چاہتیں۔