اسلام آباد: نجی نیوز چینل کے میزبان شاہ زیب خانزادہ کو ان کی اہلیہ کے ہمراہ ایک شاپنگ مال میں ہراساں کیا گیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
گزشتہ روز سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی جس میں ایک شخص شاہ زیب خانزادہ کو شاپنگ مال میں ہراساں کرتا دکھائی دے رہا ہے۔
ویڈیو میں اس شخص کی جانب سے کہا گیا کہ شاہ زیب خانزادہ نے سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف جو بھی حقائق پیش کیے، ان پر انہیں شرم آنی چاہیے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شاہ زیب خانزادہ کے ہمراہ ان کی اہلیہ بھی موجود ہیں اور انہوں نے اس شخص کے لگائے گئے الزامات پر کوئی ردعمل نہیں دیا، بلکہ انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا۔
ویڈیو میں الزامات کی وضاحت نہیں کی گئی، تاہم پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شہباز گل نے خانزادہ کے سیاسی پروگرام کا پرانا کلپ شیئر کیا، جس میں صحافی بشریٰ بی بی کے عدت کیس پر بات کررہے تھے، یہ کیس بشریٰ بی بی کی عدت کے دوران ان کی شادی سے متعلق تھا۔
شہباز گل نے کہا کہ شاہ زیب خانزادہ نے یہ گندگی کی تھی اور اگر میڈیا نے اس کی مذمت کی ہوتی تو صورت حال اس حد تک نہ پہنچتی، جس کا اشارہ صحافی کے ساتھ ہونے والے ہراسانی کی جانب تھا۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے واقعے کی مذمت کی اور نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کا کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ جو لوگ صحافیوں اور ان کے بچوں کے نام اور ایڈریس لکھتے ہیں، پھر سوشل میڈیا پر لگاتے ہیں کہ اِس کو مار دو، جیسے مزمل صاحب کے گھر کے اندر چھلانگ مار کے قتل کی دھمکیاں دی گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ جو ہوا، انتہائی قابل مذمت ہے، ریاست کی جانب سے شاہ زیب صاحب کو یقین دلواتا ہوں کہ ہم ٹریس کریں گے کہ وہ کون آدمی تھا۔ یہ نہیں ہوسکتا کہ کوئی فیملی کے ساتھ جارہا ہو اور ہراسمنٹ کی جائے۔
اپنی ایک اور پوسٹ میں انہوں نے واقعے ویڈیو شیئر کی اور اس کی مذمت کی۔
پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ واقعہ پی ٹی آئی میں عمران خان کی پیدا کردہ ہجوم ذہنیت کی ایک اور گندی یاد دہانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہجوم شائستگی، وقار یا بنیادی انسانیت سے ناواقف ہے اور ان کا وجود صرف تصادم، افراتفری اور دھونس پر مبنی ہے، یہ سیاست نہیں، بلکہ بربریت کا بہانہ ہے۔
بعدازاں شاہ زیب خانزادہ نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو جواب دیتے ہوئے ان پر جھوٹ بولنے کا الزام لگایا۔
شاہ زیب خانزادہ نے کہا کہ شہباز گل جس وقت وزیر تھے، اُس وقت بھی ان کے کئی جھوٹ پکڑے گئے تھے اور وہ اب بھی جھوٹ بول رہے ہیں، ناقدین حقیقت کی پروا نہیں کرتے، چاہے وہ عمران خان کے حق میں ہوں۔