حنیف محمد پاکستان کرکٹ ٹیم کے وہ عظیم بلے باز ہیں، جنہوں نے نوآموز قومی ٹیم کی کئی یقینی شکستوں کو ٹالنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ آج آپ کی چوتھی برسی ہے۔ کینسر کے باعث 11 اگست 2016 کو کراچی میں آپ کا انتقال ہوا۔قومی کرکٹ کی تاریخ میں محمد برادران کی خدمات کسی طور فراموش نہیں کی جاسکتیں۔
حنیف محمد 21 دسمبر 1934 کو جوناگڑھ میں پیدا ہوئے۔ آپ ریکارڈ ساز کرکٹرز تھے، کئی عالمی اور قومی ریکارڈ آپ نے قائم کیے۔ آپ دُنیائے کرکٹ کے پہلے حقیقی لٹل ماسٹر کہلائے، بعد ازاں یہ خطاب بھارتی بیٹسمینوں گواسکر اور ٹنڈولکر کے حصّے میں آیا۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں سرڈان بریڈمین کا سب سے بڑی انفرادی اننگز کا عالمی ریکارڈ 499 رنز بناکر آپ نے ہی پاش پاش کیا تھا، 35 برس بعد یہ ریکارڈ برائن لارا نے توڑا۔ ٹیسٹ کرکٹ میں آپ پاکستان کی جانب سے پہلی ٹیسٹ ٹرپل سنچری اسکور کرنے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔ 1957-58 میں ہونے والے اس مقابلے میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست یقینی تھی لیکن آپ نے دوسری اننگز میں وکٹ پر 16 گھنٹے طویل ترین قیام کرکے اور انفرادی337 رنز بناکر پاکستان کو یقینی شکست سے بچایا۔ یہ آج بھی ٹیسٹ کرکٹ میں کسی بھی پاکستانی بیٹسمین کی سب سے بہترین کاوش ہے۔
آپ پاکستان کی پہلی ٹیسٹ ٹیم میں شامل تھے اور کسی بھی پاکستانی بیٹسمین کی طرف سے پہلی نصف سنچری بنانے کا اعزاز بھی آپ کو ملا۔ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے پہلی بار وکٹ کیپنگ آپ نے ہی کی۔ اس کے ساتھ پاکستان کی پہلی اوپننگ بیٹسمینوں کی جوڑی میں آپ اور نذر محمد کا نام شامل ہے۔ آپ کا ٹیسٹ کیریئر 17 برسوں پر محیط ہے۔ آپ نے 55 ٹیسٹ میچوں میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی، 43.98 کی اوسط سے 3915 رنز بنائے، 12 سنچریاں بھی اسکور کیں۔
آپ کے بھائی وزیر محمد، مشتاق محمد اور صادق محمد قومی ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں جب کہ آپ کے فرزند شعیب محمد بھی قومی ٹیم کی جانب سے ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ کھیل چکے ہیں۔ 82 برس کی عمر میں آپ نے اس جہان فانی سے کوچ کیا۔