دُنیائے اسکواش کے اُبھرتے ستارے حمزہ خان وطن واپس پہنچ گئے

اسلام آباد: دُنیائے اسکواش کے نئے اُبھرتے ستارے حمزہ خان آسٹریلیا سے وطن واپس پہنچ گئے۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ آمد پر حمزہ خان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر کوچ آصف خان، آرمی اسپورٹس ڈائریکٹوریٹ، پاکستان اسپورٹس بورڈ اور پاکستان اسکواش فیڈریشن کے عہدیدار بھی موجود تھے۔
دھیان رہے کہ ورلڈ اسکواش فیڈریشن کے زیر اہتمام آسڑیلیا کے شہر میلبورن میں منعقد ہونے والے میگا ایونٹ میں پاکستان کے نوجوان اسکواش پلیئر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
حمزہ خان نے 37 سال بعد پاکستان کو ورلڈ جونیٸر اسکواش کا ٹاٸٹل جتواکر ایک نئی تاریخ بھی رقم کی۔ ان سے قبل جان شیر خان نے آخری بار 1986 میں ورلڈ ٹائٹل پاکستان کے لیے جیتا تھا۔
وزیراعظم شاندار کارکردگی پر حمزہ خان کو ایک کروڑ روپے کا کیش ایوارڈ دیں گے۔ پاکستان اسکواش فیڈریشن کی کاوشوں سے ملک میں اسکواش کے کھیل کو گراس روٹ کی سطح پر فروغ دیا جارہا ہے۔