لاہور: پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا آخری لمحات میں سرپرائز ‘ چوہدری شجاعت کو قائل کرنے میں کامیاب، سپریم کورٹ کے حکم پر منعقد وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے امیدوار حمزہ شہباز 179ووٹ لے کر دوبارہ وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوگئے جب کہ ان کے مدمقابل تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق)کے امیدوار چوہدری پرویز الہٰی نے 176ووٹ حاصل کیے۔
ووٹنگ کے نتیجے کے مطابق پرویز الٰہی کو 186ووٹ ملے تھے تاہم ڈپٹی اسپیکر نے مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت کی جانب سے اراکین اسمبلی کو دی گئی ہدایات کے برعکس ووٹ دینے پر مسلم لیگ(ق) کے 10ووٹ مسترد کردیے اور حمزہ شہباز کی کامیابی کا اعلان کیا، تحریک انصاف اور مسلم لیگ(ق) نے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کے خلاف عدلیہ سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا، وزیراعلیٰ پنجاب برقرار رہنے پر مسلم لیگ(ن) کی جانب سے ایوان میں شیر شیر کے نعرے لگائے گئے اور تمام اراکین اسمبلی نے حمزہ شہباز کو مبارک باد دی۔بعدازاں حمزہ شہباز نے اپنے عہدے کا حلف بھی اُٹھالیا۔