کراچی: پاکستانی فلموں اور ڈراموں کے صف اول کے اداکار حمزہ علی عباسی کے بچپن میں گردے فیل ہونے کا انکشاف، اُن کی بڑی بہن فضیلہ عباسی نے بتایا کہ اداکار کو بچپن میں گردے فیل ہونے کی تشخیص ہوئی تھی۔
کترینہ کیف سے مشابہت رکھنے والی ڈرماٹولوجسٹ فضیلہ عباسی ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر سمیت اپنے بھائی حمزہ کے حوالے سے بھی تبصرہ کیا۔
ڈاکٹر فضیلہ کا کہنا تھا کہ حمزہ بچپن سے بہت شرارتی اور شوخ مزاج لڑکا تھا، تاہم بڑے ہوتے ہوتے بے حد سنجیدہ اور سکون پسند ہوگیا۔
ڈاکٹر فضیلہ نے انکشاف کیا کہ حمزہ علی عباسی کو بے حد کم عمری میں گردوں کے فیل ہونے کی بیماری کی تشخیص ہوئی تھی، تاہم بروقت علاج اور احتیاط کی وجہ سے وہ صحت یاب ہوگئے۔
حمزہ کی بڑی بہن کا کہنا تھا کہ حمزہ کو بچپن سے ہی اداکاروں اور کارٹون کریکٹرز کی نقل کرنا پسند تھا اور ہمیشہ سے ہی اس کا رجحان اداکاری کی جانب تھا، تاہم وہ کبھی اداکاری کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتیں۔
اداکاری کی آفرز کے حوالے سے فضیلہ عباسی نے کہا کہ انہیں کئی مرتبہ اداکاری کے لیے آفرز آچکی ہیں مگر انہیں لگتا ہے کہ اگر وہ اداکارہ ہوتیں تو شاید بہت خراب پرفارم کرتیں کیونکہ وہ ایک سنجیدہ مزاج خاتون ہیں اور اداکاری ان کے بس کی بات نہیں۔