اسلام آباد: فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ چین، بنگلادیش، نیپال، پاکستان سب مودی کے بھارت کی شیطانیوں سے متاثر ہیں۔
بھارت میں 11 پاکستانی ہندوؤں کے قتل کے خلاف پاکستان ہندو کونسل کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جودھ پور میں بچوں سمیت 11 معصوم پاکستانیوں کی پرسرار ہلاکت ہوئی، یہ پاکستان کے بچے اور خواتین تھیں، ان کے بھارت جانے سے رشتہ ختم نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں جو زیادتی ہوئی اس پر بھارتی حکومت کا سلوک نامناسب ہے، پاکستانی ہندوؤں کو مجبور کیا جارہا تھا کہ وہ آر ایس ایس کا حصہ بنیں، ان کے انکار پر پاکستانی ہندوؤں کا قتل کیا گیا، ہندو خاندان کی ایک بیٹی نے بتایا کہ پاکستان کے خلاف بیان دینے اور کام کرنے پر مجبور کیا گیا، عالمی برادری بھارتی حکومت کے مظالم کا نوٹس لے اور پاکستان کے شہریوں کا ناحق خون جو انڈیا میں بہا، بھارت اس کا جواب دے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارت کو مودی نے جس طرح فاشسٹ حکومت میں تبدیل کیا، پاکستان سمیت تمام ہمسائے اس کا شکار ہیں، چین، بنگلادیش، نیپال، پاکستان، مودی کے ہندوستان کے شیطانوں سے متاثر ہیں، جہاں ہمسایہ ممالک بھارتی اوچھے ہتھکنڈوں سے محفوظ نہیں، وہیں خود بھارت کے اندر بھی مسلمان اور دیگر اقلیتیں محفوظ نہیں، پورا اقوام عالم بھارت کے رویے سے پریشان ہے۔