سسٹم میں گیس کی کمی کو پورا کرنے کیلیے کوشاں ہیں، وزیر توانائی

اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کا کہنا ہے کہ ایک حد سے زیادہ گیس سستی نہیں دے سکتے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ سردیوں میں گھریلو صارفین کی گیس کی طلب بڑھ جاتی ہے، موسم سرما میں دیگر شعبوں کی گیس روک کر گھریلو صارفین کو گیس سپلائی دے رہے ہیں، ایک حد سے زیادہ گیس سستی نہیں دے سکتے۔
وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ ملک میں گیس کے ذخائر میں مسلسل کمی ہورہی ہے اور ہم سسٹم میں گیس کی کمی کو پورا کرنے کے لیے کوشاں ہیں، تاہم گیس کی سپلائی اتنی ہی ہے جتنی زمین سے نکل رہی ہے، ملک میں ایل این جی کے مزید 10 سے 11 کارگو آئیں گے، تاہم ایل این جی عالمی مارکیٹ میں بہت مہنگی ہے اس لیے گھریلو صارفین کو مہنگی ایل این جی نہیں دے سکتے۔
وزیر توانائی حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ملک میں گیس ذخائر میں سالانہ 9 فیصد کمی آرہی ہے، کراچی میں گیس سپلائی کے مسائل ہیں جنہیں حل کرنے کے لیے کام کررہے ہیں، سندھ ہائی کورٹ نے حکم امتناع دے رکھا ہے جس میں سوئی گیس کو عام صنعتوں اور کیپیٹو پاور پلانٹس کی گیس منقطع کرنے سے روک دیا ہے، جس کی وجہ سے جن شعبوں سے گیس کاٹ کر گھریلو صارفین کی طلب پوری کرنی تھی وہ ہم نہیں کرپارہے، 30 دسمبر کو سندھ۔ ہائی کورٹ میں گیس بحران پر سماعت ہے جس میں موقف پیش کریں گے۔

Energy MinisterGas shortageHammad AzharPress conference