حلیم عادل 9 مئی کیس میں ضمانت ملتے ہی دوسرے مقدمے میں گرفتار

کراچی: پی ٹی آئی کے رہنما حلیم عادل شیخ کو پولیس نے کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت سے ضمانت ملنے کے فوری بعد ایک اور مقدمے میں گرفتار کرلیا۔
پولیس نے حلیم عادل شیخ کو گزشتہ روز سندھ ہائی کورٹ کے باہر سے گرفتار کیا تھا، جس کے بعد انہیں آج انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پولیس نے 9 مئی سے متعلق کیس میں حلیم عادل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔
ضمانت ملنے کے بعد عدالت سے نکلتے ہی پریڈی تھانے کی پولیس نے حلیم عادل شیخ کو ایک نئے مقدمے میں گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق حلیم عادل شیخ کے خلاف گزشتہ روز پریڈی تھانے میں مقدمہ درج ہوا تھا، جس میں کار سرکار میں مداخلت، بلوہ اور پولیس پر حملے کی دفعات شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق مقدمے کے متن میں لکھا گیا ہے کہ گزشتہ روز حلیم عادل شیخ کی گرفتاری کے دوران پولیس پر لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے حملہ کیا گیا تھا۔

9th May Case BailarrestHalim Adil ShaikhPTI LeaderSecond Case