مائنس ون نہ ٹو، اب سب چار سو بیس مائنس ہوں گے، حلیم عادل شیخ

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کو بیساکھی چاہیے، وہ مولانا فضل الرحمان کے کندھے پر سوار ہوکر اسلام آباد جانا چاہتے ہیں، مائنس ون ہوگا نہ ٹو، اب سب 420 مائنس ہوں گے۔
حلیم عادل شیخ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا سندھ حکومت عوامی مسائل حل کرنے کے لیے کچھ نہیں کررہی، ایک چھوٹے ماہی گیر کی بوٹ کو سمندر میں جانے کی اجازت نہیں، ان کی ڈالروں سے بھری بڑی لانچیں سمندر میں جاسکتی ہیں، ماہی گیروں کے مسائل کے حل پر توجہ نہیں دی جارہی، بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس میں محرومی عیاں تھی۔
اُن کا کہنا تھا کل بلاول بھٹو نے کہا اٹھارویں ترمیم اور این ایف سی کو چھیڑا گیا تو اسلام آباد کی جانب مارچ کریں گے، آپ کو بیساکھی چاہیے، آپ کی ٹانگوں میں جان نہیں کہ مارچ کرسکیں، مولانا فضل الرحمان کی بلاول بھٹو سے دھرنے کی ڈیل ہوئی، وہ دھرنے کے لیے مدارس کے بچوں کا استعمال کرتے ہیں، پیپلزپارٹی کی کرپشن کے خلاف لاڑکانہ سے تحریک چلائیں گے۔

Haleem Adil ShaikhPress conference