لاہور/ کراچی: سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پی ٹی آئی کے رہنما حلیم عادل شیخ کو سادہ لباس اہلکاروں نے لاہور سے حراست میں لے لیا۔
ترجمان حلیم عادل شیخ کے مطابق سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کو لاہور سے سادہ لباس اہلکار اپنے ساتھ لے گئے۔
ترجمان کے مطابق حلیم عادل شیخ گزشتہ روز لاہور پہنچے تھے، حراست میں لینے والے افراد کس ادارے سے ہیں یہ نہیں بتایا گیا۔
سادہ لباس افراد کی حلیم عادل شیخ کو اپنے ہمراہ لے جانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔
فوٹیج میں ہوٹل کے باہر ڈبل کیبن گاڑی کو آکر رکتے دیکھا جاسکتا ہے اور پھر سادہ لباس افراد ہوٹل میں داخل ہوتے ہیں، تاہم بعدازاں ہوٹل کی لابی میں حلیم عادل شیخ کو ان افراد کے ساتھ جاتے دیکھا جاسکتا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے حلیم عادل شیخ کے خلاف مبینہ کارروائی کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما کی گرفتاری کہیں ظاہر نہیں کی جارہی، خدشہ ہے کہ سندھ حکومت کے جرائم پیشہ افراد نے انہیں اغوا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کا نقصان ہوا تو ذمے دار سندھ حکومت ہوگی۔
خیال رہے کہ تاحال پولیس کی جانب سے حلیم عادل شیخ کی گرفتاری کی تصدیق نہیں کی گئی۔