کراچی، پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل کو پولیس نے حراست میں لے لیا

کراچی: پولیس نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کو حراست میں لے لیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق پی ایس 88 ملیر میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے موقع پر اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کے حلقے میں پہنچنے پر کشیدگی پیدا ہوگئی جب کہ اس موقع پر مبینہ فائرنگ بھی کی گئی۔
حلقے میں ضمنی انتخاب کے موقع پر کشیدگی کے بعد الیکشن کمیشن نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حلیم عادل شیخ کو حلقے سے باہر نکالنے کا حکم دیا، جس پر پولیس نے انہیں حلقے سے باہر نکال کر حراست میں لے لیا۔
ایس ایس پی ملیرعرفان بہادر کے مطابق حلیم عادل کو الیکشن کمیشن کے حکم پر باقاعدہ حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حلیم عادل شیخ پر ہنگامہ آرائی اور دیگر کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق حلیم عادل شیخ کو ایس ایس پی ملیر کے آفس میں رکھا گیا ہے جب کہ ان کے ساتھ دیگر رہنما بھی موجود ہیں۔
ڈی آئی جی ایسٹ کا کہنا ہے کہ انتخابی حلقے میں فائرنگ کرنے والے متعدد افراد کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔
دوسری جانب پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی نے الزام عائد کیا ہے کہ خطرناک قسم کے ہتھیار پولنگ اسٹیشن پر استعمال کیے گئے اور پی ٹی آئی والوں نے حلقے میں فائرنگ کی۔
علاوہ ازیں پی ٹی آئی نے ملیر میں حلیم عادل شیخ کی گاڑی پر فائرنگ کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے لوگوں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کرائی۔

arrestHaleem Adil ShaikhkarachiPolice