224 طلبہ میں شہید حکیم محمد سعید اسکالرشپ کے چیک و اسناد تقسیم

کراچی: ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کی صدر محترمہ سعدیہ راشد نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ وقت کی قدر کریں اور اس کا صحیح استعمال، حکیم صاحب بھی اس پر سختی سے عمل کیا کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے بزرگوں کی عزت و تعظیم کرنی چاہیے، اس سے اللہ پاک بلند مقام عطا کرتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام نعمت بیگم ہمدرد یونیورسٹی ہاسپٹل میں حکیم محمد سعید اسکالرشپ کی تقسیم چیک و اسناد کی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں وقت پر سونا چاہیے اور صبح سویرے اٹھنے کی عادت اپنانی چاہیے۔ اس سے ناصرف آپ کو اپنے کام کرنے کا زیادہ وقت ملے گا، بلکہ صحت بھی اچھی رہے گی اور اس سے دین اور دنیا بھی بنے گی، ہمارے زمانے میں وقت کی پابندی کا بڑا خیال رکھا جاتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اسمارٹ فون نے نئی نسل کو اپنا گرویدہ بنا رکھا ہے۔ اس سے ناصرف وقت اور پیسہ کا ضیاع بلکہ صحت کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔

تقریب کے مہمان خصوصی ہمدرد یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبیب الحسن نے کہا کہ شہید حکیم محمد سعید نے ایک بیج بویا تھا جو آج تناور درخت کی شکل اختیار کر گیا ہے۔ ہمدرد تعلیم و صحت کے میدان میں کافی محنت کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکیم صاحب کا قول تھا، پاکستان سے محبت کرو، پاکستان کی تعمیر کرو، اسی جذبے کے تحت ہمدرد لوگوں کی خدمت کررہا ہے، جس کا منہ بولتا ثبوت آج کی یہ تقریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے انتہائی خوشی ہے کہ میں طلبہ کی اسکالرشپ کی تقریب میں موجود ہوں۔

تقریب میں نعمت بیگم ہمدرد یونیورسٹی ہاسپٹل کے میڈیکل ڈائریکٹر تمیم اختر، پروفیسر ڈاکٹر جعفری، پروگرام اینڈ پبلی کیشنز ڈیپارٹمنٹ کی ایچ او ڈی ڈاکٹر ثناء غوری اور طلبہ و طالبات کے ساتھ ان کے والدین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شہید حکیم محمد سعید میموریل اسکالرشپ 2021-2022 کے لیے ملک کے 26 سرکاری تعلیمی بورڈز کے امتیازی نمبروں سے پاس کردہ 224 طلبہ کا انتخاب کیا گیا، جس کے تحت میٹرک کے 147 طلبہ کو 25 ہزار روپے فی کس اور انٹر کے77 طلبہ کو 50 ہزار روپے فی کس اسکالرشپ گئیں۔

ان میں کراچی بورڈز میٹرک کے 130 طلبہ اور انٹربورڈز کراچی کے 49 طلبہ شامل ہیں۔

224 studentsCheck and certificate distribution ceremonyHakeem Said scholarshipHamdard FoundationMohtarma Sadia Rashid