ریاض: سعودی وزارت حج و عمرہ نے ملک میں موجود 160 ممالک کے خوش نصیب شہریوں کے ناموں کو حتمی شکل دے دی اور منتخب ہونے والوں کو جلد اطلاع کردی جائے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر حرمین شریفین کے آفیشل ٹویٹر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزارت حج نے مملکت میں مقیم 160 ممالک کے شہریوں کو حج کے لیے منتخب کرلیا ہے۔ منتخب کردہ افراد نے تمام تر طبی ٹیسٹوں کو پاس کیا تھا اور صحت مندی کے سرٹیفکیٹ کے بعد ہی ان کا انتخاب عمل میں لایا گیا ہے۔
سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کا مزید کہنا تھا کہ حج کے لیے منتخب ہونے والے تمام خوش قسمت امیدواروں کو ایس ایم ایس کے ذریعے مطلع کردیا گیا ہے۔ حج کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 10 جولائی مقرر کی گئی تھی اور اچھی صحت کو بنیادی نکتہ قرار دیا گیا تھا۔
وزارت حج و عمرہ کے مطابق رواں برس صرف وہی افراد حج کرسکیں گے جو سعودی عرب میں مقیم ہوں جب کہ 28 ذیقعد سے 12 ذی الحج کے دوران بغیر اجازت نامے کے منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں حج مقامات میں داخلے کی کوشش پر 10 ہزار سعودی ریال جرمانہ ہوگا۔
خیال رہے کہ رواں برس کورونا وبا کے باعث سعودی حکومت نے حج کی سعادت حاصل کرنے والے عازمین میں 70 فیصد بیرون ممالک جب کہ 30 فیصد سعودی شہریوں کے لیے مختص کیا تھا، تاہم غیر ملکی بھی صرف وہ افراد ہوں گے جو اس وقت سعودی عرب میں مقیم ہیں۔