منیٰ: فریضہ حج کی ادائیگی جاری ہے، حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ آج ادا کیا جائے گا۔ دنیا بھر سے آنے والے 20 لاکھ سے زائد مسلمان خطبہ حج سن چکے ہیں۔
مناسک حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کے لیے عازمین حج کے قافلے منیٰ سے میدان عرفات پہنچ چکے ہیں جہاں وہ خطبہ حج سن چکے ہیں۔ قبل ازیں عازمین حج کی کثیر تعداد مسجد نمرہ اور جبل رحمت سمیت دیگر جگہوں پر موجود تھی۔ مسجد نمرہ میں ساڑھے تین لاکھ افراد کی گنجائش ہے۔ حج کے خطبے کا 20 زبانوں میں ترجمہ کیا گیا ہے۔
پاکستان کے 2 لاکھ عازمین سمیت 160 ممالک سے تعلق رکھنے والے 20 لاکھ سے زائد عازمین خطبہ حج سن چکے۔ شیخ ڈاکٹر یوسف بن محمد نے حج کا خطبہ دیا۔ حجاج کرام مسجد نمرہ میں ظہر اور عصر کی نماز پڑھیں گے۔
خطبہ حج کے بعد حجاج کرام غروب آفتاب تک وقوف عرفہ کریں گے اور غروب آفتاب کے بعد مزدلفہ روانہ ہوجائیں گے۔ مزدلفہ میں حجاج کرام مغرب اورعشاء کی نمازایک ساتھ ادا کریں گے۔
حجاج کرام مزدلفہ میں آرام کریں گے اور 70 عدد کنکریاں جمع کریں گے۔ وقوف مزدلفہ کے بعد 10 ذی الحج کو رمی جمرات کریں گے۔