ڈیبیو پر شاندار کارکردگی، حیدر علی چھاگئے!

مانچسٹر: پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان بلے باز حیدر علی نے اپنے ڈیبیو میچ میں نصف سنچری بناکر نہ صرف پہلے پاکستانی ہونے کا اعزاز حاصل کیا بلکہ بہت سے لوگوں کا دل بھی جیت لیا۔
انگلستان کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں پاکستان نے افتخار احمد کی جگہ حیدر علی کو گرین کیپ پہنائی تو پاکستان سپر لیگ میں اپنی بیٹنگ کے جوہر دکھانے والے نوجوان بیٹسمین نے بھی ٹیم مینجمنٹ کو مایوس نہیں کیا اور ابتدائی دو وکٹیں جلد گرنے کے باوجود پُراعتماد بیٹنگ کرکے سب کو اپنی طرف متوجہ کیا۔
نوجوان بلے باز نے اپنے پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں نصف سنچری بناکر مختصر فارمیٹ کے ڈیبیو میں یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے پاکستانی ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ حیدر علی نے 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 54 رنز کی باری کھیلی اور تیسری وکٹ کے لیے محمد حفیظ کے ساتھ 100 رنز سے زائد کی شراکت بھی قائم کی۔


انگلینڈ کے سابق کپتان اور کمنٹیٹر مائیکل وان نے حیدر علی کے متعلق اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ نوجوان بلے باز حیدر علی کو دیکھ کر لگتا ہے کہ پاکستان کو ایک اچھا کھلاڑی مل گیا ہے۔
سابق آسٹریلوی کھلاڑی ٹام موڈی کا کہنا تھا کہ میں نے پہلی بار حیدر علی کو جنوبی افریقا میں انڈر 19 ورلڈکپ میں دیکھا تھا، یہ بات واضح تھی کہ وہ ایک اسپیشل ٹیلنٹ ہے، انگلینڈ کے خلاف انہیں موقع ملنے کی خوشی ہے۔
واضح رہے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا، دوسرے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دی تھی، تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے انگلینڈ کو 5 رنز سے ہراکر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

cricketHaider AliPakistan Batsman