واشنگٹن: مسلمان مختلف شعبوں میں دنیا بھر میں پیش کی گئی خدمات کے سبب اپنی علیحدہ شناخت بنارہے ہیں اور انہی میں سے ایک امریکا کی باحجاب مصنفہ حفصہ فیضل ہیں جو رواں ہفتے معروف امریکی کاروباری جریدے فوربز کی انڈر 30 کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔
حفصہ کو ان کی کتاب ‘وی ہنٹ دی فلیم‘ نامی فکشن ناول کی بناء پر شہرت حاصل ہوئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حفصہ امریکا کی پہلی باحجاب مصنفہ ہیں جن کے ناول سب سے زیادہ فروخت ہوتے ہیں۔ حفصہ کے والدین کا تعلق سری لنکا سے ہے، تاہم حفصہ کا جنم 1993 میں فلوریڈا، امریکا میں ہی ہوا۔
حفصہ فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کیا کہ ہائے ہیلو، کیا آپ نے فوربز انڈر 30 کی فہرست میں کسی باحجاب خاتون کو دیکھا ہے؟
حفصہ آئسی ڈیزائن کی بانی بھی ہیں جو مصنفوں کے لیے ویب سائٹس، کتابوں سے متاثرہ کینڈلز، نوٹ بکس اور دیگر اشیاء تیار کرتا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی مصنفہ حفصہ فیضل کا 2019 میں شائع ہونے والا فکشن ناول ’وی ہنٹ دی فلیم‘ سعودی شکاری خاتون کی کہانی پر مبنی ہے جو بھیس بدل کر خطرناک جنگلوں میں سفر کرتی ہے۔