راولپنڈی: جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ہمارا کوئی ذاتی مقصد نہیں ہم آئی پی پیز کو لگام دینا چاہتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے لیاقت باغ راولپنڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 25 کروڑ عوام کو حق ملے بغیر دھرنا ختم نہیں ہوگا۔ ہمارا کوئی ذاتی مقصد نہیں، آئی پی پیز کو لگام دینا چاہتے ہیں۔ آئی پی پیز خون نچوڑ رہی ہیں ان کی میعاد ختم ہوچکی ہے۔ ہم چاہتے تو ڈی چوک پہنچتے اور یہ دھرنا سبوتاژ کرتے لیکن ہم نے ایسا نہیں ہونے دیا۔ حکومت خام خیالی میں نہ رہے ہم یہاں سے نہیں جائیں گے۔ ابھی مزید قافلوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ بیورو کریسی، جاگیردار، سرمایہ دار ہم پر اپنی معاشی پالیسیاں مسلط کرتے ہیں۔ اب انڈسٹری والے تاجر بھی بل نہیں دے سکتے۔ ہم بجلی کی قیمت کم کرنا چاہتے ہیں۔ راولپنڈی، لاہوراور فیصل آباد میں تاجر کہتے ہیں ہم انڈسٹری نہیں چلاسکتے۔ ملک میں حکمران انارکی پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ اگر مذاکرات کو درست نہیں کریں گے۔ بجلی کے بل کم نہیں کریں گے اور تنخواہ دار سلیب ختم نہیں کریں گے ہمارا دباؤ بڑھتا چلا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم بتائیں گے کہ معیشت کیسے چلانی ہے۔ یہ دھرنا یہاں نہیں رہے گا پورے ملک میں پھیلے گا۔ لوگوں کو ریلیف دینا ہوگا۔ ہماری مشاورت کا عمل جاری ہے پھر مزید بات کریں گے۔ لیاقت بلوچ کو ذمے دار بنایا ہے۔ حکومت نے جس بندے کا نام دیا ہے وہ ملک میں نہیں۔ یہ حکومت کی سنجیدگی ہے۔ حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور لیاقت بلوچ سے بات کرے۔ عوام کو ریلیف دینا ہوگا ٹالنے کے لیے کوئی بات نہ کرے۔ ڈی چوک جانا کوئی پرابلم نہیں جب چاہیں گے سارے آپشن کھلے ہیں۔