کراچی: معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں رہنے والوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی پر مبنی ان کے گانے کو یوٹیوب سے ہٹادیا گیا ہے۔
انہوں نے یہ گانا ترک گلوکار ترگے ایورن کے ساتھ مل کر گایا تھا۔
اس گانے کو مقبوضہ کشمیر میں ہر سال 13 جولائی کو یوم شہدا کے نام سے منائے جانے والے دن اور 15 جولائی 2016 کو ترکی میں حکومت کا تختہ الٹنے کی ناکام کوشش کی مناسبت سے ریلیز کیا گیا تھا۔
حدیقہ کیانی نے اس گانے کی ریلیز کے بعد انسٹاگرام پر ایک اسٹوری پوسٹ کی جس میں کہا گیا ہے کہ ’کشمیر کو ہمارا خراج تحسین یوٹیوب سے کچھ گھنٹے پہلے ہٹادیا گیا۔‘
اس گانے کی ویڈیو کا لنک گلوکار تورگے ایورن نے شیئر کیا تھا جسے یوٹیوب نے ہٹادیا ہے۔ اس لنک پر جائیں تو اسکرین پر پیغام آتا ہے کہ یہ ویڈیو اب دستیاب نہیں کیونکہ اس پر ایتھریئل کا کاپی رائٹ کا دعویٰ ہے۔‘
حدیقہ کیانی کا کہنا تھا کہ ’یہ آواز دبانے کی باضابطہ کوشش ہو رہی ہے مگر ہم خاموش نہیں ہوں گے، ہمارا پیغام محبت اور امن کا ہے۔۔۔‘
اس پیغام میں انہوں نے کشمیر سویٹاس نامی ہینڈل کو ٹیگ کیا اور لکھا کہ کشمیر سویٹاس اسے جلد ہی واپس اپ لوڈ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔