کوئٹہ: سینئر گلوکارہ اور حال ہی میں اداکاری کی دُنیا میں قدم رکھ کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والی حدیقہ کیانی نے سیلاب زدگان کے لیے 100 گھروں کی تعمیر مکمل کرلی۔
پچھلے دنوں حدیقہ کیانی کی جانب سے ان کی سیلابی مہم وسیلہ راہ کے تحت بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 200 گھروں کی تعمیر کا اعلان کیا تھا، جس میں سے 100 گھروں کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے۔
حدیقہ کیانی نے گھروں کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کی مہم کا حصہ بننے والوں کا شکریہ ادا کیا۔
گلوکارہ نے بتایا کہ ان کی مہم کے تحت 100 گھروں کی تعمیرات مکمل کرلی گئی ہیں، جس میں ایک اسکول ایک میٹرنٹی ہوم شامل ہے۔
حدیقہ کیانی کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین میں بڑی تعداد میں حاملہ خواتین شامل تھیں، جو موت کا شکار ہورہی تھیں، اس لیے میٹرنٹی ہوم کا قیام اہم تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ بہت شکر گزار ہوں کہ لوگوں نے وسیلہ راہ کی اس مہم پر بھروسہ کیا۔ ان کی مدد سے ہم تحصیل تمبو ضلع نصیرآباد بلوچستان میں 100 گھر تعمیر کرنے میں کامیاب ہوئے۔
حدیقہ کیانی نے ان کی مہم میں رہنمائی کرنے اور بھرپور حصہ ڈالنے پر پاک فوج کا بھی شکریہ ادا کیا، گلوکارہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے بغیر یہ کام ممکن نہیں تھا۔